اسلام آباد... رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کے ذاتی معاون نور زمان نے کہا ہے کہ گلالئی کے والد امیر مقام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔ کئی مرتبہ عائشہ گلالئی اور ان کے والد گورنر ہاوس بھی گئے۔ گلالئی نے تمام مالی لین دین اپنے والد شمس قیوم کے حوالے کردئیے تھے۔ ہر منصوبے میں لاکھوں روپے وصول کئے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دستاویزات ثبوت کے طور پر موجود ہیں ۔ گلالئی نے بنوں لنک روڈ ترقیاتی منصوبے میں 72 لاکھ وصول کئے۔ 47 لاکھ میں نے ان کےلئے وصول کئے تھے۔ کرک سولر ٹیوب ویل منصوبے کے پیسوں سے6 لاکھ روپے ، لکی مروت ترقیاتی منصوبے کے پیسوں سے 12لاکھ روپے اور کونسلر ٹکٹ بیچنے کے عوض 10 لاکھ روپے وصول کئے۔ یہ سارا پیسہ جنڈہ ڈومیل میں ساڑھے 4 کنال کے گھر کی تعمیر پرلگایا گیا جو اثاثوں میں ظاہر تک نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے والد شمس قیوم نے منصوبہ بنایا تھا کہ عمران خان سے این اے ون کا ٹکٹ مانگ کر عائشہ کو وزیر داخلہ اور خود گورنر خیبر پختوخوا بنوں گا ۔