Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرفراز احمد برطانیہ میں بھی ہیروبن گئے، ڈربی شائر میں ڈیبیو کریں گے

لیڈز: پاکستان کے کرکٹ کپتان سرفراز احمد برطانوی شائقین کی بھی آنکھوں کا تارا بن گئے۔ یارکشائر میں ان کا ہیروز جیسا خیرمقدم ہو رہا ہے، وہ ڈربی شائر کے خلاف ٹوئنٹی 20 بلاسٹ میں ڈیبیو کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن زیادہ تعداد میں اس کلب کو سپورٹ کریں گے۔ میں ٹیم کو مختصر ترین فارمیٹ میں پہلی ٹرافی جتوانے میں بھرپور کردار ادا کرنے کا خواہاں ہوں۔سرفراز احمد کاونٹی کلب یارکشائر کو جوائن کرچکے ، ان کی خدمات لیگ راونڈ کے 5 میچز کیلئے حاصل کی گئی ہیںالبتہ ٹیم کے ناک آوٹ راونڈ میں پہنچنے کی صورت میں وہ کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔گزشتہ دنوں بریڈ فورڈ کے پارک ایونیو میں شائقین کی ایک بڑی تعداد نے سرفراز احمد کاخیرمقدم کیا، جس میں کرکٹرز ہی نہیں بلکہ 200 سے زائد دیگر افراد بھی موجود تھے۔ یارکشائر نے قومی ڈیوٹی پر طلب کیے جانے والے آسٹریلوی کرکٹر پیٹر ہینڈزکومب کی جگہ سرفراز سے معاہدہ کیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کو ہند پر فتح دلانے کے بعد وہ انگلینڈ میں پہلی بار ایکشن میں آئیں گے۔سرفراز احمد نے کہاکہ لیڈز اور بریڈفورڈ میں بڑی تعداد میں پاکستانی رہتے اورمجھے امید ہے کہ وہ یارکشائر کے میچز دیکھنے آئیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بریڈفورڈ پاکستان کی ہی طرح ہے، جب میں نے یارکشائر کے ساتھ معاہدہ کیا تو مجھے سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے کہا کہ میری یہاں آمد کے حوالے سے وہ کافی خوش ہیں، یہاں پر بہت سے پاکستانی کرکٹ کھیلتے ہیں، مجھے یقین ہے کہ ایک روز وہ انگلینڈ یا پھر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔اپنی نئی ٹیم کے حوالے سے سرفراز نے کہاکہ پوائنٹس ٹیبل پر اس کی پوزیشن بہتر ہے، میں یہاں کے پلیئرز سے ملا ہوں، امید ہے کہ ہم فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیں گے۔ میں ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کیلئے پراعتماد ہوں۔ یاد رہے کہ سرفراز یارکشائر جوائن کرنے والے پانچویں پاکستانی ہیں، ان سے قبل یونس خان، انضمام الحق، رانا نوید الحسن اور عمران طاہر (اب جنوبی افریقہ) اس کلب کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ سرفراز نے کہاکہ یہاں آنے سے قبل میری یونس خان سے بات ہوئی تو انھوں نے مجھے بتایا کہ یہ بہت ہی اچھی کاونٹی ہے اور اس کی مینجمنٹ بہتر ہے۔ یونس نے مجھے یہ بھی کہا کہ مجھے اس کلب میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

شیئر: