لکھنو۔۔۔۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے بنگلے پر منعقدہ تقریب میں محکمہ روڈویز کے کئی منصوبوں کی نقاب کشائی کی۔اکثریتی فرقے کے تہوار کے موقع پر خواتین کیلئے خاص تحفے کا اعلان کیا۔ اس دن خواتین کیلئے 24گھنٹے بس کا سفر مفت کردیاگیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 6اگست کی شب 12بجے سے 7اگست کی شب 12بجے تک یہ سہولت دستیاب رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی خواتین کیلئے یہ تہوار کا تحفہ ہے ۔خواتین کو اس دن شہر میں یا شہر سے باہر اپنے بھائیوں کے یہاں جانے کیلئے کسی طرح کا کرایہ نہیں ادا کرنا ہوگا۔ راجدھانی میں چل رہی سٹی بسوں میں بھی تہوار کے دن خواتین مفت سفرکرسکتی ہیں۔لکھنؤ روڈویز کے ایم ڈی اے رحمان کے مطابق سٹی بسیں بھی ٹرانسپورٹ محکمے کی زیر نگرانی چلتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا حکم ان بسوں پر بھی نافذ ہوتا ہے۔ ایسے میں ان بسوں میں چلنے والی خواتین مسافروں کوتہوار کے دن مفت سفر کی سہولت ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہے جب ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں کو مفت کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش پر کارپوریشن کے ذریعے منعقدہ پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے بریلی، کانپور میں آٹو میٹک ڈرائیونگ ٹیسٹ ٹریک کی نقاب کشائی کی گئی۔اس موقع پر 75بس اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت مہیا کی گئی ۔وزیر اعلیٰ نے 3بس اسٹیشن حسن پور، بھینسالی اور مودی نگر کا سنگ بنیاد رکھا۔ 7بس اسٹیشنوں بجنور ، بیور، مہوبہ ، شاہجہاں پور ، کرہل ، بھوگاؤ ں اورمحمود آبادکے منصوبوں کی نقاب کشائی کی اور کہا کہ ریاست میں 4سے 5لاکھ ڈرائیوروں کی ضرورت جلد پوری کی جائے گی۔