Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلنگانہ سے عازمین حج کا قافلہ روانہ

حیدرآباد----حج 2017ء کیلئے ریاست تلنگانہ کے عازمین حج کا پہلا قافلہ حالت احرام میں تلبیہ کی گونج میں حج کیمپ سے حج ٹرمنل کیلئے روانہ ہوا۔ جذباتی مناظر کے جلو میں عازمین کے رشتہ داروں اور احباب نے حج ہاؤز میں انہیں وداع کیا۔ مولانا مفتی محمد خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ نے عازمین کیلئے دعائیں کیں اور ان کو مفید مشوروں سے نوازا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جھنڈی دکھا کر عازمین کی پہلی بس کو ائیرپورٹ کیلئے روانہ کیا۔ عازمین سے خطاب کرتے ہوئے محمود علی نے عازمین کو ان کے اس سفرِ مقدس کی روانگی پر مبارک باد پیش کی اور ان سے خواہش کی کہ وہ حج کے دوران ملک و قوم اور ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کریں ۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی مفت رہائش اور طعام کا انتظام ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ آنے والے سال تک عزیزیہ زمرہ کے تمام عازمین کا رباط میں قیام ممکن ہوسکے۔ ابتدا میں پرفیسر ایس اے شکور نے خیر مقدم کرتے ہوئے عازمین سے کہا کہ وہ آج ایک مقدس سفر پر روانہ ہو رہے ہیں اور ان کو ہر مرحلہ پر صبر و سکون کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ یہ عازمین راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمنل پہنچے اور سعودی عربین ایر لائنز کے جمبو طیارے کے ذریعہ ان کی جدہ روانگی عمل میں آئی۔ اس فلائٹ میں 452عازمین شامل ہیںجو پیر کو جدہ پہنچ گئے۔

شیئر: