Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کے نوٹس کا جواب دوں گا،عمر اکمل کا ردعمل

لاہور (ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹر عمراکمل کو شوکاز نوٹس جاری کرنے پر عمر اکمل نے کہا ہے کہ وہ پی سی بی کے شوکاز نوٹس کا جواب اللہ کو حاضر ناظر جان کر لکھیں گے اور تمام سچی باتیں بیان کریں گے۔ شوکاز نوٹس جاری ہونے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں علم تھا کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں غلطی پر نہیں ہوں تو جواب دینے سے کیوں ڈروں، اللہ کو حاضر ناظر جان کر جواب میں سچی باتیں ہی لکھوں گا اورقانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد 7 روز کے اندر ہی جواب دوں گا۔واضح رہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر سنگین الزامات لگانے پر پی سی بی کی جانب سے عمر اکمل کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ عمر اکمل نے ایک نیوز کانفرنس میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کے الزامات عائد کئے تھے، انہوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ مکی آرتھر انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی داخل ہونے سے روکتے ہیں۔عمر اکمل کے اس بیان پر مکی آرتھر نے ان کے الزامات کی تردید کی اور کہا تھا کہ انہوں نے مڈل آرڈر بلے باز کو کرکٹ اکیڈمی آنے سے نہیں روکا بلکہ کلب کرکٹ کھیلنے کا کہا ہے۔ عمر اکمل کے الزامات پر پی سی بی نے بھی گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کرکٹر کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔

شیئر: