5برس سے کم تجربہ رکھنے والے غیر ملکی انجینیئرز بلانے پرپابندی
ریاض..... وزارت محنت و سماجی فروغ اور سعودی انجینیئرز کونسل نے 5برس سے کم مدت کا پیشہ ورانہ تجربہ رکھنے والے غیر ملکی انجینیئرز کی درآمد پر پابندی عائد کردی۔ دونوں اداروں نے بیرون مملکت سے لائے جانے والے غیر ملکی انجینیئرز کے پیشہ ورانہ امتحان اور انٹرویو کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ انٹرویو کا اہتمام سعودی انجینیئرز کونسل کے یہاں ہوگا۔غیر ملکی انجینیئر کی بابت یہ اطمینان حاصل کیا جائیگا کہ آیا اسے اپنے مضمون کا علم بھی ہے یا نہیں اور آیا وہ اپنے پیشے میں مہارت بھی رکھتا ہے جسکا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سعودی انجینیئرز کونسل کے سربراہ ڈاکٹر جمیل البقعاوی اور سیکریٹری محنت ڈاکٹر احمد القطان نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ وزارت اور کونسل نے سعودی انجینیئرز کو نجی اداروں میں کام کے مواقع مہیا کرنے اور سرکاری و نجی اداروں کے انجینیئرنگ کے شعبے میں انہیں روزگار مہیا کرنے کی غرض سے کیا ہے۔د ونوں ادارے چاہتے ہیں کہ انجینیئرز کے مختلف شعبوں میں سعودی نوجوان تجربات حاصل کریں اور اپنے مضمون و ہنر میں کمال پیدا کریں۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ غیر ملکی انجینیئرزکو کم از کم 5سال کے تجرے کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ سرٹیفکیٹ غلط ثابت ہونے کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ یاد رہے کہ سعودی انجینیئرز کونسل نے اس سے قبل فیصلہ کیا تھا کہ غیر ملکی انجینیئر اسی صورت میں درآمد کیا جاسکے گا جبکہ اس کے پاس کم از کم 3سال کا تجربہ ہو ۔ اسکا انٹرویو ہوگا اور اسکا پیشہ ورانہ امتحان بھی ہوگا۔ کئی ماہ سے اس فیصلے پر عملدرآمد چل رہاتھا۔ نئے فیصلے کے بموجب تجربے کا دورانیہ 3برس سے بڑھا کر 5برس کردیا گیا ہے۔