کیرالامیں سعودی بچے کی موت کیوں واقع ہوئی؟
ریاض۔۔۔۔کیرالامیں 4سالہ سعودی بچے علاؤ الدین کی موت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔علاء الدین کے چچا نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کا بھتیجا سوئمنگ پول میں تیراکی کا شوق کرتے ہوئے بجلی کے جھٹکے سے دوچار ہوا۔ یہی جھٹکا اس کی موت کا باعث بنا۔ سوئمنگ پول کے پاس کوئی امدادی عملہ بھی نہیں تھا۔ چچا نے بتایا کہ اس کا بھائی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سیرو سیاحت کیلئے ہندوستان گیا تھا ، وہاں وہ مختلف مقامات پر گھومتے پھرتے کیرالا گئے ۔ انہوں نے کیرالا کے شاندار موسم اور خوبصورت مناظر کی تعریف سنی تھی ۔ حادثے کے دن مغرب سے قبل بچہ اپنے بھائی کے ہمراہ تیراکی کررہا تھا اسی دور ان ملازم نے آکر تفریح گاہ کی بتیاں روشن کردیں ۔ فوراً ہی علاؤالدین کو بجلی کا کرنٹ لگا تاہم اس کا بڑا بھائی سوئمنگ پول سے تیزی سے نکل گیا۔ موقع پر موجود کارکن نے بچے کو بچانے کی کوشش کی لیکن وہ خود کرنٹ سے دوچار ہوگیا۔ آخر کارکن نے اسے سوئمنگ پول سے ایسے عالم میں نکالا جب وہ جاں بحق ہوچکا تھا۔ ہندوستانی پولیس نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ موت طبعی واقع ہوئی ہے ، ہماری ضد پر تحقیقات شروع کردی گئی۔ سعودی سفارتخانے نے ہماری مدد کیلئے وکیل کی خدمات بھی حاصل کرلیں۔