نوجوان کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن کامیاب، معذور ہونے سے بچ گیا
جمعرات 19 دسمبر 2024 22:14
مریض کی کمر میں ورم سے ریڑھ کی ہڈی کے مہرے متاثر ہورہے تھے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
مدینہ منورہ میں شاہ سلمان میڈیکل سٹی 18 سالہ نوجوان کی ریڑھ کی ہڈی کا کامیاب آپریشن رہا۔ نوجوان کے معذور ہوجانے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔
سبق نیوز کے مطابق شاہ سلمان ہسپتال میں ایک نوجوان کو لایا گیا جس کی حالت کافی خراب تھی۔ مریض کو چلنے پھرنے میں شدید دشواری کا سامنا تھا۔ درد کی وجہ سے وہ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے قابل نہیں تھا۔
مریض کا تفصیلی معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ اس کمر کی تکلیف کا عارضہ گزشتہ دو برس سے لاحق ہے جو کبھی کم اور کبھی زیادہ ہوجاتا تھا۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مریض کی کمر کے مہروں ’ٹی 12 اور ایل 1 ‘ میں ورم تھا جس کی وجہ سے اس کا دباو شریانوں پر پڑنے سے وہ نہ صرف درد میں مبتلا تھا بلکہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہو جاتا تھا۔
طبی ٹیم نے مرض کی نوعیت دیکھتے ہوئے فوری آپریشن کا فیصلہ کیا تاکہ ورم کو نکالا جاسکے۔ مریض کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرنے کے بعد اس کا آپریشن کردیا گیا جو کامیاب رہا۔
کامیاب آپریشن کے بعد مریض کو جہاں تکلیف سے نجات مل گئی وہاں وہ معذور ہونے سے بھی بچ کیا۔ حالت بہتر ہونے پر اسے ہسپتال سے رخصت کردیا گیا۔