درجہ حرارت میں اضافہ اور سورج
لندن.... عالمی درجہ حرارت کے احساس اور اسکے نتیجے میں ہونے والی موسمی تبدیلیوں نے تقریباً پوری دنیا کو متاثر کیا ہے مگر اکثر لوگ اس بڑھتی ہوئی حرارت کی توضیح کرنے سے قاصر رہے ہیں ۔ ان ساری باتوں کے باوجود اب سائنسدانوں نے تازہ ترین تحقیق کے بعدپورے یقین سے یہ بتایا ہے کہ درجہ حرارت کے موجودہ اضافے میں سورج کا کوئی ہاتھ نہیں۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ گزشتہ 30، 40برسوں میں بھی شمسی تب و تاب میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ جہاں تک ریکارڈ کی بات ہے تو حقیقت یہی ہے کہ اس عرصے کے دوران سورج کی تپش میں کچھ کمی آئی ہے اضافہ نہیں ہوا۔ واضح ہو کہ سورج اور اس کی کرنیں کرہ ارض پر زندگی کی امین سمجھی جاتی ہیں مگر جہاں تک درجہ حرار ت میں موجودہ اضافے کا تعلق ہے تو سورج کو مورد الزام ٹھہرانا غلط ہوگا۔ میکس پلانک سوسائٹی کی جانب سے جاری کردہ مضمون میں یہ باتیں پورے وثوق سے کہی گئی ہیں۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ موجودہ صورتحال کو لوگ اس تناظر میں بھی دیکھیں کہ 1645ء سے 1715ء کا زمانہ برف کے عہد سے تعبیر کیا جاتا ہے مگر درجہ حرارت میں اس کمی کیلئے بھی سورج ذمہ دار نہیں تھا۔