Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ 5برس میں 70لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائیگا، وزیراعلیٰ یوپی

    لکھنؤ-----تر پردیش کی بی جے پی حکومت نے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے ’’ایک ضلع ایک صنعت‘‘ کے نام سے جو اسکیم شروع کی ہے اسکے تحت ریاست کے 70لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ریاستی وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو اپنے ایک بیان میں بتایا کہ آئندہ 5سال میں انکی حکومت نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا منصوبہ بنایا تھا مگر ایک ضلع ایک صنعت اسکیم کے تحت اب 70لاکھ نوجوانوں کے روزگار کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ دراصل اسکیم کے تحت ہر ضلع میں ایک منفرد صنعت قائم ہوگی جس میں سرمایہ کاری  کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ یوگی نے کہاکہ ریاست میں ضلع بھدوئی قالین، ضلع علی گڑھ تالوں، مراد آباد برتنوں، بنارس ساڑیوں، فیروز آباد چوڑیوں، میرٹھ قینچیوں کی صنعت کے شہر سمجھے جاتے ہیں، جہاں لوگ چھوٹی صنعتوں کے ذریعے مصنوعات ساخت کرتے ہیں لیکن ان شہروں کی صنعتوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔ مذکورہ اسکیم کے تحت جہاں ایک طرف ان صنعتوں کو فروغ دیا جائیگا وہاں ان سے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے اور لوگوں کو سرمایہ لگانے کا موقع بھی دیا جائیگا۔ ریاست میں لیبر قانون کو نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کوکوئی پریشانی نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ ریاست میں زراعت ایک اہم شعبہ ہے اور وہ اقتصادی ریڑھ کی مانند کام کرتا ہے لہذا زراعت کے شعبے کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیکر اسے روزگار سے جوڑا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینگے اور اس ٹیکنالوجی سے وابستہ نوجوانوں کو اس شعبہ میں روزگار فراہم کیا جائیگا۔ کام شروع ہوچکا ہے اور اس کے مثبت نتائج جلد ہی سامنے آئینگے۔

شیئر: