لاکھوں عازمین نے مسجد نمرہ میں ظہر اور عصر ادا کی اور خطبہ حج سنا
عرفات: گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور سعودی عرب کے مفتی اعلی شیخ عبد العزیز آل الشیخ کی موجودگی میں لاکھوں عازمین نے عرفات کی مسجد نمرہ میں ظہر اور عصر کی نماز جمع قصر تقدیم ادا کی۔ نمازوں کی امامت شیخ ڈاکٹر سعد الشثری نے کروائی اور حج کا خطبہ دیا۔ قبل ازیں حج انتظامیہ نے مسجد نمرہ میں نماز اور خطبہ حج کی تیاریاں مکمل کرلی تھیں۔ صبح سے ہی عازمین کے قافلوں نے مسجد نمرہ کا رخ کیا۔ مسجد کے اندرون حصہ کے علاوہ بیرونی صحن عازمین سے مکمل طور پر بھر گئے تھے۔ نماز کی ادائیگی اور خطبہ حج سننے کے بعد لاکھوں عازمین وقوف عرفہ ادا کریں گے۔