مذہب کی بنیاد پر مودی حکومت مجھے نشانہ بنا رہی ہے، ذاکر نائک
نئی دہلی۔۔۔۔معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائک نے مودی حکومت پر الزامات عائد کرتے ہوئے انٹر پول سے ہندوستان کی حکومت کی طرف سے جاری ریڈ کارنرنوٹس جاری کرنے کی درخواست کو خارج کرنے کی اپیل کی ہے۔ ڈاکٹر ذاکر نائک نے کہا کہ عدالتی کارروائی سے راہ فرار اختیار نہیں کررہا ہوں۔ فرانس میں موجود انٹر پول کے سیکریٹری جنرل کو ڈاکٹر ذاکر نائک کے وکلاء کی جانب سے ایک خط روانہ کیا گیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ ریڈ کارنرنوٹس جاری اور پبلش نہ کیا جائے۔ ساتھ ہی ساتھ خط میں منی لانڈرنگ اور دہشتگردی سے متعلق الزامات کی تردید کی گئی ہے ۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ فوجداری کارروائی سیاسی فائدے کیلئے کی جارہی ہے اس کے ذریعے ڈاکٹر نائک کی شخصی آزادی میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔