راولپنڈی ... راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ سابق صدر پرویزمشرف کے خلاف الگ مقدمہ چلایا جائے گا۔فیصلے میں کہا گیا کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے بہتر اقدامات کئے جاتے تو بے نظیر بھٹو کے قتل کو روکا جاسکتا تھا۔ 46 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں ناقص سیکیورٹی کو قتل کی اصل وجوہ قرار دیا گیا ۔ فیصلہ میں کہا گیا کہ حکومتی عہدیدار پہلے بے نظیر کو سیکیورٹی دینے پھر کی قتل کی وجوہ، منصوبہ بندی اور مالی تعاون کے حوالے سے تفتیش کرنے میں ناکام رہے۔ عدالت نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا پوسٹ مارٹم نہ کرنے سے تحقیقاتی عمل کو نقصان پہنچا۔ قتل کی اصل وجوہ سامنے نہیں آسکیں۔استغاثہ قتل کی منصوبہ بندی اور تحریک طالبان پاکستان کے ملزما ن کے درمیان قتل کی سازش کو ثابت کرنے میں ناکام ہوئی ۔اس لئے پانچوں گرفتار ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا جارہا ہے۔