سعودی عرب نے عالمی فٹبال کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا
جدہ: سعودی عرب نے عالمی فٹبال کپ 2018ءکیلئے کوالیفائی کر لیا۔جدہ کے کنگ عبداللہ سٹی اسٹیڈیم میں منگل کو جاپان کے ساتھ کھیلے گئے اس میچ میں سعودی عرب نے 0-1سے کامیابی حاصل کی۔میچ کاواحد اور فیصلہ کن گول اسٹرائیکر فہد المولد نے دائیں طرف سے ملنے والے ایک خوبصورت پاس کے ذریعے کیا۔یہ گول 63ویں منٹ میں ہوا۔ سعودی عرب 2006ءکے بعد عالمی فٹبال کپ کے اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔ گروپ بی میں 19پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی گروپ میں جاپان نے 20 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی روس میں کھیلے جانیوالے عالمی کپ 2018ءکے لئے کوالیفائی کر لیا تھا۔ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشدالمكتوم نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر ٹویٹ کے ذریعے سعودی عرب کی قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ یہ ٹیم عرب ممالک کی نمائندگی کرے گی۔