لاہور... سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد نے نوازشریف کی نااہلی کا عدالتی فیصلہ مسترد کر دیا ۔ سزا دینے کے بعد کیس نیب کو بھیجا گیا۔ ایک مقدمہ میں 4 مرتبہ فیصلہ آیا اور اب پانچویں مرتبہ فیصلہ آئے گا۔ اتوار کوحلقہ این اے 120 میں انتخابی مہم کے دوران وکلاءسے خطاب کرتے ہوئے مریم نوا ز نے کہا بیٹے سے پیسے لینے میں کیا انہونی ہے کہ ایک سال تک خاندان کی تذلیل کی گئی۔ ناا ہلی اس بات پر کہ بیٹے سے تنخواہ کیوں نہیں لی۔ نواز شریف کا پانا مہ پیپرز میں نام تھا اور نہ کرپشن کا کوئی الزام تھا۔ نواز شریف اگر اتنے ہی کرپٹ تھے تو یہ الزامات کو ثابت کرتے۔اقامے پر نااہلی کا مطلب ہے نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں تھا۔جے آئی ٹی کے ہیرے بھی ایک پائی کی کرپشن نہیں نکال سکے۔ انہوںنے کہا کہ نوازشریف پاکستان کے مفاد اور ترقی کی بات کرتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف ووٹ لے کر آتے ہیں۔ جھوٹے مقدمے بناکر نکال دیا جاتا ہے۔ نااہل کرنے والوں سے پوچھا جائے کہ ترقی کے ضامن نواز شریف کو کیوں نکالا گیا ۔ اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، طلال چوہدری اور مائزہ حمید سمیت سینئر وکلا نے شرکت کی۔