کراچی...پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ گورنرسندھ کا عہدہ اب غیر سیاسی نہیں رہا۔محمد زبیرصوبائی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں۔ سندھ کے لوگ(ن)لیگ کو قبول نہیں کریں گے۔میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ محمد زبیر گورنر نہیں بلکہ( ن)لیگ کراچی ڈویژن کے سربراہ ہیں، وہ سندھ میں( ن) لیگ کو الیکشن جتوانے کے مشن پرہیں۔انہوں نے کہاکہ گورنرسندھ صوبے کے عوام کی نمائندگی نہیں کرتے۔ وہ کراچی میں اپنے آفس میں بند رہتے ہیں۔ایسے گورنر کو اپنے صوبے کے عوام کی پروا ہوسکتی ہے؟ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ پانا مہ کیس ختم نہیں ہوا۔ ابھی توپارٹی شروع ہوئی ہے۔ نوازشریف کو عدالت کا فیصلہ تسلیم کرناچاہئے تھا۔ انہیںعدلیہ پرتنقید نہیں کرنی چاہئے تھی۔ نوازشریف ایسا ہی کرتے رہے تو آئندہ ان کیلئے مشکلات بڑھیں گی۔چانڈیونے کہاکہ شریف خاندان عدالتوں میں شروع سے ہی نہ پیش ہونے کا کہتے رہے۔ مگر اب شریف خاندان کو پیش ہونا ہوگا۔ یہ لوگ پیش نہ ہوئے تو عدالت انہیں مفرورقراردے گی۔نوازشریف کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے۔ انہوں کہا کہ بینظیر بھٹوکے خلاف باتیں کرنے والوں کواللہ نے سبق سکھادیا۔ نوازشریف نے جوبویا تھاوہ آج کاٹ رہے ہیں۔