پاکستانی کھانے کھاکھا کر میری توند نکل آئی، اینڈی فلاور
لاہور: ورلڈ الیون کے کوچ اور زمبابوے کے سابق کپتان اینڈی فلاور نے اپنے بھائی اور پاکستانی ٹیم کے کوچ گرانٹ فلاور کی دعوت پر لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اورمختلف سہولیات کا جائزہ لیا۔ مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے اینڈی فلاور نے اکیڈمی کو شاندار قرار دیا۔اینڈی فلاور نے کہا کہ پاکستان کا دورہ بہت شاندار رہا، یہاں آکر بہت اچھا لگا اور بہت خوشی ہوئی ، دوبارہ آنا بھی پسند کروں گا تاہم اگلا ٹور کس حیثیت سے ہوگا یہ فی الحال معلوم نہیں۔ اینڈی فلاور نے پاکستانی کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اتنے مزے کے کھانے پکاتے ہیں کہ ہاتھ نہیں رکتا اور اس لیے میرا پیٹ بھی بڑھ گیا ہے۔ورلڈ الیون کوچ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں اردو کے کچھ الفاظ بھی سیکھے ہیں اور السلام علیکم، وعلیکم السلام، شکریہ کہا کہ جبکہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ میں دیکھنے آیا تھا کہ گرانٹ پاکستان میں اتنے خوش کیوں ہیں اوراب مجھے اندازہ ہو گیا ہے ان کی خوشی اور پاکستان میں قیام کی بنیادی وجوہ کیا ہیں۔