مریم نواز نے اچھی انتخابی مہم چلائی، نواز شریف
لندن ...سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے مریم نواز نے اچھی مہم چلائی ہے۔ اتوار کولندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ الیکشن کے نتائج بھی آرہے ہیں اور شکایت بھی آرہی ہیں کہ لوگ غائب کئے گئے ۔ ایک سوال پر ا نہوں نے کہا کہ مریم نواز نے اچھی مہم چلائی۔ عوام نے بھی بہت اچھے طریقے سے جواب دیا ۔ جس پر کارکنوں کا شکرگزار ہوں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ سازش کے حوالے سے ہرچیز کا جائزہ لے رہے ہیں اور جائزہ لیں گے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی معاملات پر بات ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کےلئے امریکہ روانگی سے قبل لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔