Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سماج وادی پارٹی میں پھر ٹکراؤ کے آثار

لکھنؤ۔۔۔۔سماج وادی پارٹی کے تنظیمی انتخابات کے سلسلے میں ایک طرف جہاں جلسوں کا دور چل رہا ہے وہیں دوسری جانب سماج وادی پارٹی کے بانی اور لوہیا ٹرسٹ کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے بھی 21ستمبر کو لوہیا ٹرسٹ کا جلسہ طلب کرلیا ہے۔ ایس پی میں تنظیمی انتخابات چل رہے ہیں۔ اس کیلئے پارٹی نے 23ستمبر کو ریاستی اجلاس طلب کیا ہے۔ پارٹی کا ریاستی اجلاس لکھنؤ میں رما بائی امبیڈکر استھل پر ہوگا۔ ریاستی صدر کے انتخاب کے ساتھ گزشتہ الیکشن میں پارٹی کی کارکردگی اور دیگر امور پر اپنی حکمت عملی مرتب کریگی۔اس مرتبہ ایس پی کے ریاستی و قومی اجلاس میں ملائم سنگھ یادو اور شیوپال یادو کا کسی طرح کا کردار نظر نہیں آرہا۔واضح ہوکہ ریاست میں ریاستی اسمبلی انتخابات سے پہلے ملائم کنبہ اور پارٹی میں جاری کشمکش کے درمیان یکم جنوری کو خصوصی ہنگامی اجلاس میں اکھلیش یادو کو قومی صدربنادیا گیا تھا۔وہ اب پرانی باتوں کو پیچھے چھوڑ کر سماج وادی پارٹی کیلئے آگے کی راہ ہموار کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب ایس پی سے اپنا کردار ختم ہوتے دیکھ کر شیو پال یادو نئے راستے کی تلاش میں ہیں ، وہ اکثر ملائم سنگھ کے احترام کا معاملہ اٹھاکر اکھلیش کو ہدف تنقید بناتے رہتے ہیں۔ایس پی اجلاس کے دوران ملائم سنگھ یادو کے ذریعے طلب کئے گئے جلسے سے سماج وادی سیاست میں ایک بار پھر تلخی کے آثار نظر آرہے ہیں۔ ملائم سنگھ یادو لوہیا ٹرسٹ کے صدر ہیں۔ ٹرسٹ میں حالانکہ اکھلیش یادو ، رام گوپال یادو، شیوپال یادوسمیت دیگر کئی ارکان  شامل ہیں مگرپچھلی مرتبہ ٹرسٹ کے جلسے میں اکھلیش اور رام گوپال شامل نہیں ہوئے تھے۔

شیئر: