Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شامی رہنما احمد الشرع کا لبنان کے نومنتخب صدر جوزف عون کو فون

لبنان کی پارلیمان نے 12 ناکام کوششوں کے بعد جوزف عون کو صدر منتخب کیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
دمشق میں شام کی نئی انتظامیہ کے سربراہ احمد الشرع نے لبنان کے نومنتخب صدر جوزف عون سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
خبر رساں ایجنسیز کے مطابق یہ فون کال لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب میقاتی اور احمد الشرع کے درمیان بات چیت کے بعد کی گئی ہے۔
لبنان کے نگراں وزیراعظم نجیب میقاتی نے سنیچر کو دمشق میں شام کی نئی انتظامیہ کے سربراہ احمد الشرع سے ملاقات کی تھی۔
احمد الشرع سے ملاقات کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں نجیب میقاتی نے کہا ’لبنان اور شام کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور زمینی اور سمندری سرحدوں کی حد بندی کےلیے مل کر کام کریں گے۔‘
اے ایف پی کے ایک نامہ نگار نے بتایا نجیب میقاتی 2011 میں شام میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد پہلے دورے پر سنیچر کو دمشق پہنچے۔
ان کا یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب بشار الاسد کی معزولی کے بعد شام کی نئی انتظامیہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہے۔
یہ دورہ آرمی چیف جوزف عون کو لبنان کا نیا صدر منتخب کیے جانے کے فوری بعد ہوا ہے۔
یاد رہے کہ لبنان کی پارلیمان نے دو سال کے دوران 12 ناکام کوششوں کے بعد جمعرات کو لبنان کے آرمی چیف جوزف عون کو صدر منتخب کیا ہے۔ 
جوزف عون ووٹنگ کے پہلے راؤنڈ میں انتخاب کے لیے درکار 86 ووٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔ تاہم دوسرے راؤنڈ میں جوزف عون درکار ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
دو سال قبل صدر مشعل عون کے عہدے کی مدت اکتوبر 2022 میں ختم ہونے کے بعد سے صدر کا عہدہ خالی تھا۔ 
حزب اللہ نے ایک چھوٹی مسیحی جماعت کے رہنما سلیمان فرنجیح کی حمایت کا اعلان کیا تھا جن کے سابق شامی صدر بشار الاسد کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔
تاہم بدھ کو  سلیمان فرنجیح نے صدارتی دوڑ سے باہر ہونے کا اعلان کر دیا تھا جس کے بعد آرمی چیف جوزیف عون کے لیے راہ ہموار ہو گئی۔

 

شیئر: