Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج کی ضروریات کا عصری انداز میں خیال رکھا جاتا ہے، ممتاز احمد خان

بزم عثمانیہ کی طرف سے استقبالیہ تقریب ، حج کی ادائیگی پر مبارکباد ، عارف قریشی سمیت بزم کے سرکردہ افراد کی شرکت
 
 امین انصاری۔ جدہ
 
 حیدرآباد دکن کی عثمانیہ یونیورسٹی کے ہونہار سپوت ممتاز احمد خان کی ادائیگی حج کیلئے مملکت آمد پر  جدہ میں بزم عثمانیہ کے صدر عارف قریشی نے انکے اعزاز میں تقریب منعقد کی ۔ اس موقع پر انہوں نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ممتاز احمد خان انتہائی نیک دل اور مخلص شخصیت کے مالک ہیں ۔ وہ گزشتہ 45 سال سے امریکہ میں معہ اہل و عیال مقیم ہیں، ان کی اہلیہ بھی آرکیٹیکٹ انجینیئر ہیں، نیز وہ ملی و سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ عارف قریشی نے ادائیگی  حج اور روزہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کیلئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور حج کی قبولیت کیلئے دعا کی ۔ 
آرکیٹیکٹ انجینیئر ممتاز احمد خان نے کہا کہ  1972ء میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ ادائیگی عمرہ کیلئے مملکت آیا تھا ۔آج 45 سال بعد عرض مقدس اور مملکت آیا ہوں تو لگتا ہے کہ مملکت دور حاضر کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں پیش پیش ہے ۔ مجھے بے انتہا مسرت ہوئی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حجاج کی چھوٹی سے چھوٹی ضروریات تک کا انتہائی معیاری اور عصری انداز میں خیال رکھا ہے ۔ حجاج کرام انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ مناسک حج ادا کررہے ہیں ۔ جمرات پر ہونے والے ناگہانی خدشات کو دور کرنے کیلئے حکومت سعودی عرب نے جو پلوں کی تعمیر کی ہے اور فائر پروف خیموں ، ٹرینوں ، بسوں اور سواریوں کے انتظامات کی بے حد تعریف کرتے ہوئے انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درازیٔ عمر اور انکی خدمات کی قبولیت کیلئے دعا کی ۔
ممتاز احمد خان نے تارکین وطن کے مملکت میں قیام کو نعمت غیر مترقبہ سے تشبیہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تارکین یہاں رہ کر جہاں دنیا کما رہے ہیں وہیں وہ حرمین شریفین کی قربت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مناسک عمرہ و حج بھی ادا کرتے ہیں اور پھر اپنے والدین اور افراد خاندان کو بھی کرواتے ہوئے دعاؤں سے مالا مال ہورہے ہیں ۔
جدہ میں ہونے والی تارکین وطن کی سرگرمیوں کو انہوں نے خوب سراہا اور کہا کہ عارف قریشی  وطن سے دور رہکر اپنے ملک و شہر کے کلچر ، تہذیب وتمدن ، بھائی چارگی اور اخوت کے جذبہ کو زندہ رکھے ہوئے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے ۔انہوں نے اس موقع پر تارکین وطن خصوصاً حیدرآبادیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی شادی میں فضول خرچی سے اجتناب کریں ۔ بے جا رسومات کو ختم کرنے میں خود شروعات کریں تاکہ ہم سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق شادی ، بیاہ کرواسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص  تبدیلی کا خواہش مند ہے مگر پہل کرنے کیلئے کوئی تیار نہیں ۔ معاشرے میں تبدیلی یونہی نہیں آتی بلکہ تبدیلی لانے کے لئے ہمیں تبدیل ہونا ہوتا ہے ۔ 
میزبان عارف قریشی نے ممتاز احمد خان اور دیگرمہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
 
 

شیئر: