جدہ ..... سعودی بینکوں کے سیکریٹری جنرل طلعت حافظ نے خبردار کیا ہے کہ کریڈٹ کارڈ قبول نہ کرنے والی دکانوں پر جرمانے ہونگے۔ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت سلب کرلی جائے گی۔ جو دکاندار کریڈٹ کارڈز قبول نہیں کرینگے اس طرح وہ بینکوں کے ساتھ اپنے معاہدے کیخلاف ورزی کے مرتکب ہونگے۔ وزارت تجارت اس حوالے سے جلد ہی کارروائی کرنے والی ہے۔ طلعت حافظ نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بینک اور دکانوں کے درمیان معاہدے میں یہ بات شامل ہوسکتی ہے کہ دکاندار یا تو تمام کریڈٹ کارڈز قبول کرے یا صرف " مدی" کارڈز پر ہی انحصار کرے۔ طلعت حافظ نے مزید بتایا کہ اگر کسی تجارتی مرکز پر کریڈٹ کارڈز اسٹیکرز چسپا ں ہو نگے تو ایسی حالت میں اسے کارڈز قبول کرنا ہی پڑیں گے اور وہ گاہک کو نقدی کی صورت میں فروخت شدہ سامان کی قیمت ادا کرنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ اگر دکاندار کریڈٹ کارڈ قبول کرنے سے انکار کرے گا تو اسے قانون کی خلاف ورزی شمار کیاجائے گا۔ طلعت حافظ نے اس ضمن میں یہ بھی بتایا کہ اگر کسی دکان پر ویزا یا ماسٹر کارڈ ، کے اسٹیکرز چسپاں ہونگے تب بھی دکاندار "مدی" کریڈٹ کارڈ پیش کرنے والے کے ساتھ کوئی حیل حجت نہیں کرسکتا۔ اسے ایسی حالت میں بھی مدی کارڈ قبول کرنا ہوگا۔ دوسری جانب ساما کی ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال رواں 2017 ءکی دوسری ششماہی کے اختتام تک مملکت بھر میں کیش کاﺅنٹرز کی تعداد 15.91 فیصد بڑھ جائے گی ان کی تعداد 29938 ہزار ہوجائے گی۔