قومی سلامتی کو نشانہ بنانے اور تعصب پھیلانے پر46افراد گرفتار
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
ریاض :ریاستی سلامتی کے ادارے نے قومی سلامتی کو تہہ و بالا کرنے کے درپے 22افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ان میں ایک قطری اور دیگر سعودی ہیں۔ وزارت داخلہ نے حائل ریجن میں قبائلی تعصبات اور فرقہ وارانہ فتنہ پھیلانے والے 24افراد کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے بعد مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔ ریاستی سلامتی ادارے کے عہدیدار نے بدھ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ لوگ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز وڈیو پھیلا رہے تھے۔ رائے عامہ کو ریاست کے خلاف بھڑکانے میں مصروف تھے۔ ایسی سرگرمیوں پر مقامی شہریو ںکو ورغلا رہے تھے جو شرعی اور قانونی دونوں اعتبار سے جرم ہیں۔ریاستی سلامتی کے ادارے نے خبردار کیا کہ جو شخص بھی اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث پایا جائیگا اسے عبرتناک سزاﺅں کا سامنا کرنا پڑیگا۔ ایسے کسی بھی شخص کے ساتھ کسی بھی طرح کی کوئی رعایت روا نہیں رکھی جائیگی جو وطن عزیز کے امن واستحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریگا۔ اطلاعاتی جرائم کے انسداد کے قانون میں اس قسم کے عناصر کے لئے 5برس تک قید اور30لاکھ ریال تک کے جرمانے یا دونوں میں سے کسی ایک سزا پر اکتفا کرنے کی تصریح موجود ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے حائل ریجن میں ہونے والی گرفتاریوں کی مزید تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ یہاں دروغ بیانیوں اور مبالغہ آمیز کہانیاں پھیلانے والے گروہ کو گرفتار کیا گیا ۔ یہ لوگ سادہ لوح عناصر کو ایسی سرگرمیوں کیلئے ورغلا رہے تھے جن کے نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔ بعض عناصر حائل گورنریٹ کے سامنے ہنگامہ برپا کرنے کیلئے بھیجے گئے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے اشتعال انگیزی اورا فواہیں پھیلانے والی اہم شخصیات کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ جو شخص بھی مذکورہ گروہ کا حصہ ہوگا اسے بھی گرفتار کیا جائیگا۔ پوچھ گچھ اور تعاقب کا سلسلہ جاری ہے۔