ریاض: 3ٹھکانوں پر چھاپے، 2خود کش بمبار ہلاک، اعلامیہ جاری
جمعرات 5 اکتوبر 2017 3:00
ریاض(واس) ریاستی سلامتی ادارے کے عہدیدا ر نے وضاحتی اعلامیہ جاری کرکے بتایا کہ ریاض شہر میں 3 ٹھکانوں پر چھاپے مار کر داعش تنظیم کے ایک گروہ کو گرفتار کرلیا اور دہشت گردی کی سازش پر عملدرآمد سے روک دیا۔ آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد خودکش واردات اور دوسرا سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ گروہ کا تعلق بیرون مملکت موجود داعش کی قیادت سے تھا۔ گروہ 5افراد پر مشتمل پایا گیا۔ تحقیقاتی عمل کو نقصان پہنچنے کے اندیشے سے ان کے نام ابھی ظاہر نہیں کئے جاسکتے۔ ان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف ، گولہ بارود ، دھماکہ خیز مواد اور دہشت گردی میں استعما ل ہونے والی اشیاء برآمد ہوئیں۔ ریاستی سلامتی ادارے کے عہدیدار نے بتایا کہ 21 ذوالحجہ 1438 ھ کو داعش کی دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنانے کی جو کارروائی کی گئی تھی اور جس کے تحت ایک یمنی اور دو سعودی خودکش حملہ آور گرفتار کئے گئے تھے اسی سے داعش کے نئے گروہ کے ڈانڈے ملے ہوئے ہیں۔ تب ہی سے سیکیورٹی اہلکار اس گروہ کا تعاقب کررہے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مشرقی ریاض کے الرمال محلے میں واقع ایک استراحہ پر چھاپہ مارا جہاں دھماکہ خیز بیلٹ تیار کرنے والا کارخانہ قائم تھا۔ استراحہ میں ایک خودکش حملہ آور روپوش تھا۔ اسے بار بار خود کو حوالے کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس نے اپنے گرد گھیرا تنگ پاکر دھماکہ خیز بیلٹ سے خود کو ہلاک کرلیا۔ اس کے جسم کے چیتھڑے پورے استراحہ میں بکھر گئے۔ مبینہ استراحہ اوراس سے متصل دوسرے استراحہ میں آگ لگ گئی۔ سیکیورٹی ا ہلکاروں نے مغربی ریاض کے نمار محلے میں واقع ایک فلیٹ پر بھی چھاپہ مارا جہاں ایک مسلح دہشت گرد چھپا ہوا تھا۔ اس نے بھی سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے خود کو حوالے کرنے کی تمام اپیلیں مسترد کردی تھیں۔ سیکیورٹی اہلکارو ں سے فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ اس آپریشن کے دوران فلیٹ میں مقیم کوئی بھی شخص یا راہگیر اور سیکیورٹی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے تیسرا چھاپہ جنوبی ریاض کے الحائر علاقے کے الغنامیہ محلے میں موجود گھوڑو ں کے اصطبل پر مارا ۔ داعش کے دہشت گرد اسے اپنی مجرمانہ سرگرمیوں میں تال میل کے اڈے کے طور پر استعمال کررہے تھے۔ اب تک مذکورہ گروہ کے پانچ افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ ریاستی سلامتی ادارے نے واضح کیا ہے کہ منحرف عناصر بیرون مملکت دہشت گرد تنظیموں کے مفادات کی تکمیل کیلئے ارض طاہرہ کو دہشت گردی کا ہدف بنائے ہوئے ہیں۔ دہشت گردوں کی سازشوں سے پوری قوت سے نمٹا جائے گا۔ ادارے نے دہشت گردی کے سدباب میں سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے شاندار تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔