اشاریئے مثبت، کاروباری مالیت 37فیصد اضافے کے بعد 14ارب ریال تک پہنچ گئی
غیاث الدین۔ جدہ
گزشتہ ہفتے بھی مندی کا رحجان جاری رہا۔ تداول آل شیئر انڈیکس 104پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 23.79پوائنٹس کی کمی کے بعد 7259.22پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ قیمتیں کم ہونے سے مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 5ارب ریال کی کمی کے بعد 1716ارب ریال تک گر گئی۔ شیئرز کی گرتی ہوئی قیمتوں سے سرمایہ کاروں نے فائدہ اٹھایا اور خوب سرمایہ کاری کی یہی وجہ ہے کہ پرائس انڈیکس میں تو کمی ہوئی مگر باقی سارے اشاریئے مثبت زون پر بند ہوئے۔ کاروباری مالیت 37فیصد اضافے کے بعد 14ارب ریال تک پہنچ گئی۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 32فیصد اور 47فیصد کا گرانقدر اضافہ نوٹ کیا گیا۔ انرجی سیکٹر میں نیشنل شپنگ کی قیمت 2.5فیصد کمی کے بعد 30ریال تک گر گئی۔ اسی سیکٹر میں پیٹرو رابغ کے متعلق یہ خبر بھی دی گئی کہ اس کمپنی نے اپنا سرمایہ رائٹ شیئرز کے ذریعے بڑھانے کا عندیہ دیا ہے اس لئے اس کمپنی کی قدر بڑھ گئی اور اس کی قیمت 2.04فیصد اضافے کے بعد 14.03ریال تک بڑھ گئی۔ میٹیریلسز سیکٹر میں مڈل ایسٹ پیپر کمپنی کو فوقیت حاصل رہی اور اس کی قیمت 7فیصد اضافے کےبعد 18.14ریال پر بند ہوئی۔ انشورنس سیکٹر میں سب سے زیادہ فوقیت ملاذ انشورنس کو ملی جس کی قیمت 33.77فیصد فروغ کے بعد 16.52ریال پر پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے ایڈوانسڈ پیٹرو کیمیکل نے 7فیصد اور طیبہ ڈیولپمنٹ نے 4فیصد ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کے اعلانات کئے۔