Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکی آرتھر کے معاہدے میں ورلڈ کپ تک توسیع

 لاہور: کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع کرتے ہوئے انہیں 2019 ءکے ورلڈ کپ تک ٹیم کا کوچ مقرر کردیا گیا۔جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر کو گزشتہ سال مئی میں 2سال کی مدت کےلئے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا اور ان کی مدتِ ملازمت آئندہ برس اپریل میں ختم ہونا تھی۔ معاہدے میں توسیع کے نتیجے میں اب وہ ورلڈ کپ 2019 تک اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کی شاندار کامیابی کی وجہ سے ان کے معاہدے میں توسیع کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر نے پی سی بی سے کہا ہے کہ ان کے ہمراہ کام کرنے والے دیگر کوچنگ اسٹاف کے معاہدے بھی ورلڈ کپ تک بڑھا دیے جائیں تاکہ اسی اسپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ ورلڈ کپ 2019 کی تیاری کی جاسکے۔ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے گرانٹ فلاورکو مکی آرتھر سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا ۔ اسٹیو رکسن اور بولنگ کوچ اظہر محمود کو مکی آرتھر کی تجویز پر پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔پی سی بی نے مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد مکی آرتھر ورلڈکپ 2019 کےلئے بھی بہترین کوچ ثابت ہوسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کرکٹ کا 12واںورلڈ کپ مئی تا جولائی2019 کے دوران انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا جس میں کرکٹ کی صف اول کی 10 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

شیئر: