دمام..... سعودی ماہرین اقتصاد نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم 12 ملین تارکین وطن ایک تہائی پٹرول خرچ کررہے ہیں۔ پٹرول پر سبسڈی ہے۔ اس کا بوجھ سرکاری خزانے کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ ماہرین نے مکہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر پٹرول کیلئے مقرر سبسڈی اٹھا لی گئی تو ایسی صورت میں سعودی پٹرول مارکیٹ زیادہ بہتر شکل میں ہوجائے گی۔ حکومت وہ زرتلافی جو تارکین پر خرچ کررہی ہے ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے کی اسکیموں پر صرف کرسکے گی۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ غیر منظم طریقے سے دی جانے والی سبسڈی سے قومی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ مجلس شوریٰ میں اقتصادی کمیٹی کے سربراہ عبدالرحمان راشد نے بتایا کہ 95 پٹرول کے نرخ 90 ہلالہ اور 91 کے نرخ 70 ہلالہ کرنے پر قومی دولت کا ضیاع کم ہوگیا۔ اگر موجودہ سبسڈی ختم کردی گئی تو ایسی صورت میں قومی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔ مشرقی ریجن کے ایوان تجارت میں تجارتی کمیٹی کے نائب سربراہ شنان الزہرانی نے کہا کہ سبسڈی اٹھانے سے تیل مارکیٹ مشکلات سے نکل آئے گی۔ الشرقیہ ایوان تجارت میں ٹھیکے داروں کی کمیٹی کے رکن محمد الیامی نے کہاکہ بھاری سبسڈی کی وجہ سے بعض لوگ قومی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پٹرول بے تحاشہ شکل میں خرچ کررہے ہیں۔