نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے لاکھوں افراد کو بے روزگار کردیا، اکبر اویسی
حیدرآباد۔۔۔۔۔۔۔۔ قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی اکبر الدین اویسی نے عیدگاہ میدان ناندیڑ میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں مسلمانوں کی پسماندگی کیلئے کانگریس کو راست ذمہ دار قرار دیا۔ اکبر الدین اویسی نے کہا کہ ہندوستان میں سب سے زیادہ اقتدار کانگریس کا رہا ہے لیکن مسلمانوں کی اکثریت خستہ حال ہے جبکہ سماج کے دیگر تمام طبقات خوشحال ہیں۔ مسلمانوں کے ساتھ جانبداری اختیار کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں 15 سال کانگریس اقتدار میں تھی لیکن مسلمانوں کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیاگیا۔ اوقافی جائدادیں تباہ و تا راج ہوگئیں ،بے قصور مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیاگیا جو ابھی تک قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔ کانگریس قائدین نے اپنی زندگیاں بنالیں، اثاثے بنالئے لیکن مسلمان غریب کا غریب ہے۔ ناندیڑ کی ہر بڑی عمارت اشوک راؤ چوہان کی ہے ۔کروڑ ہا روپے کے ان کے اثاثے ہیں۔ گیس کی کئی ایجنسیاں بھی ان کی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ناندیڑ میں عنقریب مجلس کا اسپتال اور اسکول کی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اکبر اویسی نے کہا کہ نریندر مودی نے عوام کو اچھے دن کا خواب دکھاکر اقتدار حاصل کیا۔ عوام کو ابھی تک اچھے دنوں کا انتظار ہے۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے باعث ملک کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوااور لاکھوں لوگ روزگار سے محروم ہوگئے۔ نریندر مودی نے ہر سال ایک کروڑ افراد کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن لاکھوں افراد بیروزگار ہوگئے ۔ گاؤ کشی کے نام پر مسلمانوں اور دلتوں پر حملے کئے گئے اور اب تک 25 سے زائد مسلمانوں کو اس مسئلہ پر قتل بھی کردیاگیا ۔ مسلمانوں اور دلتوں پر ہوئے حملوں کا ابھی تک سنجیدگی سے نوٹس نہیں لیاگیا۔