Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوہاٹی :آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی بس پر پتھراﺅ، شیشے ٹوٹ گئے

 
گوہاٹی:آسٹریلیا کے ہاتھوں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بدترین شکست پر بپھرے ہوئے ہندوستانی شائقین نے گراونڈ سے واپس جانے والے آسٹریلین کھلاڑیوں کی بس پر پتھراو کردیا جس سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی کھلاڑی زخمی نہیں ہوا۔یاد رہے کہ گوہاٹی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے جیسن بہرن ڈوف کی عمدہ بولنگ کی بدولت ہندکو دوسرے ٹی20 میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 برابر کردی۔ رانچی میں کھیلا گیا پہلا ٹی ٹوئنٹی ہند نے 9وکٹوں سے جیتا تھا۔تیسرا اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی مقابلہ 13اکتوبر کو حیدرآباد دکن میں کھیلا جائے گا۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہند کی ٹیم 118رنز بنا کر آوٹ ہوگئی تھی۔ ویرات کوہلی دوسری ہی گیند پر صفر پر آوٹ ہوگئے تھے۔جادہو 27اور پانڈیا25رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی وکٹ پر ٹھہر نہیں سکا تھا۔جیسن بہنڈروف نے 4وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا کی 13کے اسکور پر 2وکٹیں گر جانے کے باوجود میزبان ٹیم نے موئسس ہینرکس کے 62ناٹ آوٹ رنز اور ٹریوس ہیڈ کے 48ناٹ آوٹ رنز کی بدولت 16ویں اوور میں 2وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ رانچی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی کے 19ویں اوور میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 8وکٹوں کے نقصان پر 118رنز بنائے تھے کہ بارش ہوگئی۔ جس کے بعد ہند کو 6اوور میں 48رنز کا ٹارگٹ دیا گیا ۔ میزبان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کی تھی۔گوہاٹی میں ہندوستانی شائقین سے آسٹریلیا کے ہاتھوں قومی ٹیم کی دوسرے میچ کی شکست برداشت نہ ہوئی اور میچ کے بعد ہوٹل کی جانب جانے والی آسٹریلین ٹیم کی بس پر پتھراو کردیا گیا جس سے اس کو نقصان پہنچا اور بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔آسٹریلین اوپنر ایرون فنچ نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہوٹل واپسی پر ہماری بس پر پتھراو کیا گیا جس سے ہم بہت خوفزدہ ہیں۔واضح رہے کہ یہ گوہاٹی کے برساپارا اسٹیڈیم میں ہونے والا پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ تھا اور پہلے ہی میچ میں اس واقعے کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ممکنہ کارروائی متوقع ہے جس پر گوہاٹی اسٹیڈیم مستقبل میں انٹرنیشنل کرکٹ میچوں کی میزبانی سے محروم ہو سکتا ہے۔
 

شیئر: