سکھر... قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام آدمی سمیت آرمی چیفف کو بھی معیشت پربات کرنے کا حق ہے۔ احسن اقبال کی فوج کو معیشت پر بات کرنے سے روکنے کی بات سے اتفاق نہیں کرتا۔سکھرمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ اگر ملکی معیشت بہتر ہوگی تو لائن آف کنٹرول محفوظ ہوگی۔ ہمارے پاس اندر سے طاقت ہوگی۔ آرمی چیف کومعیشت ک کے بارے میں کوئی غلط فہمی ہے تو حکومت دورکرے ۔اداروں کا ٹکراو ریاست کیلئے خطرہ ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت میں پیش آنے والا واقعہ معمولی نہیں، اگر یہ تسلسل جاری رہا تو اللہ وطن کو محفوظ رکھے ۔خورشید شاہ نے کہا کہ ختم نبوت کا مسئلہ ذوالفقار بھٹو نے 73ءکے آئین میں ڈال کر ختم کردیا، یہ مسئلہ اب حلف نامے میں سامنے آیاجسے پارلیمنٹ نے پکڑ کر حل کردیا۔ کیپٹن (ر) صفدر نے اس مسئلے کو خوامخواہ اٹھایا۔ اس وقت ہر قدم پھونک پھونک کر رکھنا چاہیے، جو مسئلہ طے ہوگیا اسے نہیں چھیڑنا چاہیے۔ ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کہ تول کر بات کریں اگر بات کرنا نہیں آتی تو مت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ٹکراو کی صورت حال ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔جمہوریت چلتی رہی تو پاکستان 20سال میں خوشحال ملک بن جائے گا۔