20 لاکھ ریال مالیت کے ہیرے اور نقد رقم لوٹی ، مقامی شہری، یمنی ، ہندوستانی اور بنگلہ دیشی شامل
ریاض ( ارسلان ہاشمی ) ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلح ڈکیتی کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان نے ایشیائی سے لاکھوں ریال کے ہیرے جواہرات لوٹ لئے تھے ۔ ملزمان میں 2 مقامی ، 2یمنی ، ہندوستانی اور ایک بنگلہ دیشی شامل ہے ۔ریجنل پولیس ترجمان نے اردونیوز کو وقوعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 19/10/1438 کو مقامی کمپنی میںسیلز کا کام کرنے والے ایک ہندوستانی نے رپورٹ درج کروائی کہ رات کے آخری پہر چند نامعلوم افراد اسکے گھر داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر اس سے 20 لاکھ ریال مالیت کے ہیرے ، 2 لاکھ ریال نقد ، 3 موبائل اور جواہرات کا مخصوص ترازوچھین کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کرنے کے بعد اپنے ذرائع سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش شروع کر دی ۔ملزمان نے کسی قسم کا سراغ نہیں چھوڑا تھا جس کی وجہ سے انہیں تلاش کرنا انتہائی دشوار ہو گیا ۔ واردات کی سنگینی کے پیش نظر پولیس نے خفیہ کے اہلکار وں پر مبنی اعلی پیشہ ورانہ مہارت کے حامل افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جنہیں ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیاگیا ۔ کمیٹی کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی کہ ایک شخص خفیہ طور پر قیمتی جواہرات فروخت کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے اس کی نگرانی شروع کر دی۔ملزم کی مشکوک حرکات پر پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ۔ دوران تفتیش اس نے ڈکیتی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات مہیا کر دی جن میں 2 مقامی ، 2 یمنی ، ایک ہندوستانی اور ایک بنگلہ دیشی شامل تھا ۔ پولیس اہلکاروں نے گروہ کے ٹھکانے پر چھا پہ مارکروہاں سے مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہو ۔ دوران تفتیش ملزمان نے سابقہ کارروائیوں کا بھی اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مقامی کمپنی کے ایک فلپائنی کارکن سے ایک لاکھ 20 ہزار ریال لوٹے تھے جس کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج ہے۔ ملزمان کے خلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج کر کے انہیں تحقیقاتی ادارے کی تحویل میں دے دیا گیا جہاں ان پر مقدمہ قائم کر کے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ اس ضمن میں ریجنل پولیس کا کہنا ہے کہ مملکت میں قانون کے محافظ بیدار ہیں جو کسی بھی طرح امن عامہ کو تہہ و بالا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ مملکت میں قیام امن حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لئے ہمہ وقت مستعد ہیں ۔