بیوی کو زدوکوب کرنے والا سعودی سیاح گرفتار
ریاض .... میامی پولیس نے34سالہ سعودی سیاح کو بیوی کو زدوکوب کرنے اور پولیس سے رابطہ کرنے سے روکنے پر ہاتھ باندھنے پر گرفتار کرلیا۔ امریکی ریاست فلوریڈا سے موصولہ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی شہری پر دروغ بیانی اور جارحیت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ اس سے 6500ڈالر زرضمانت کے طور پر لئے گئے ہیں۔میامی پولیس کاکہناہے کہ ہوٹل انتظامیہ نے شکایت کی تھی کہ اس کے کمرے میں عرب جوڑا ٹھہرا ہوا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ دونوں میں جھگڑا چل رہا ہے۔ پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور اس نے سعودی خاتون کو کمرے سے رہائی دلائی۔شوہر نے ابتداءمیں الزام سے انکار کیا تاہم خاتون نے واضح کیا کہ اس کے شوہر نے اسے زدوکوب کیا تھا اور اس کے جسم پر زیادتی کے نشانات موجود ہیں۔ وہ کئی دن سے بچوں کے ساتھ بھی مارپیٹ کررہا ہے۔