شریف پیلس جدہ میں مسلم لیگ (ن) کے وفد کی ملاقات ، اردونیوز سے گفتگو
طائف(ابو علی بڈانی) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارض مقدس میں رہنے والے پاکستانی ملک کی ترقی و کامرانی کیلئے حرمین شریفین جا کر ہمیشہ دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو ہمیشہ اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے شریف پیلس جدہ میں طائف اور عروس البحرالاحمر کے کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) ہی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ آئندہ ایسا قانون بنایا جائے گا کہ کسی کے مینڈیٹ پر کوئی ڈاکہ ڈالنے کی جرات نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو آگے بڑھنا ہے۔ انہی کو ملک و قوم کی قیادت کرنی ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) سعودی عرب کے صدر مرزا الطاف حسین ، پاکستان میڈیا کونسل کے چیئرمین ممتاز احمد بڈانی، مسلم لیگ (ن)طائف کے صدر راجہ ظفر اقبال ، محمد حنیف خان موجود تھے۔ اس موقع پر نواز شریف سے راجہ ظفر اقبال نے ان کی صحت کی بابت خیریت دریافت کی۔