پہلاٹی ٹوئنٹی:پاکستان نے بآسانی 7وکٹوں سے جیت لیا
ابوظبی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکن ٹیم کو بآسانی 7وکٹوں سے شکست دیدی۔ سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر سری لنکاکو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جو آئی لینڈرز کو ون ڈے کے تمام میچوں کی طرح راس نہ آئی اور پوری ٹیم19ویں اوور میں102 رنز بنا کر سمٹ گئی۔103رنز کا آسان ہدف پاکستان نے 18ویں اوور کی دوسری گیند پر 3وکٹوںکے نقصان پر پورا کر لیا۔ فخر زمان 6، بابر اعظم ایک جبکہ احمد شہزاد 22 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو شعیب ملک اور محمد حفیظ وکٹ پر ڈٹ گئے۔دونوں نے بالترتیب 42 اور25 رنز بنائے ۔ سری لنکا کے بلے باز سمراوکرما اور پرسنا کے 23،23رنز کے علاوہ کوئی بلے باز پاکستانی بولرزکا سامنا نہ کر سکا۔تھیسارا پریرا کپتانی کی خوشی میں 6رنز بنا سکے اور کپتان سرفراز نے انہیں عثمان خان کی گیند پر کیچ کر لیا۔عثمان خان ٹیم سری لنکا پر ہیبت طاری کرنے کے باعث مین آف دی میچ رہے۔ حسن علی نے صرف 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان خان اور محمد حفیظ دو، دو جبکہ عماد وسیم، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 13ویں اوور میں سری لنکا کے 7کھلاڑی 68رنز پر آوٹ ہو چکے تھے۔ سری لنکا کیخلاف کھیلی جانیوالی کرکٹ سیریز کے ون ڈے فارمیٹ کے پانچوں میچ جیت کر کلین سویپ کے ساتھ تاریخی کامیابی کے بعد پاکستان کو مہمان ٹیم سری لنکا پر نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹاس کی اتنی اہمیت نہیں ہوتی۔ ا±مید ہے ہمارے بولرز سری لنکا کی اننگز میں اچھی پرفارمنس دیں گے جو انہوں نے سچ ثابت کر دکھایا۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 29اکتوبر کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آمنے سامنے ہوں گی۔