تلنگانہ حکومت کنٹریکٹ ملازمت فراہم نہیں کریگی،وزیراعلیٰ
حیدرآباد۔۔تلنگانہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کنٹریکٹ اور آوٹ سورسنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور مستقل اساس پر ہی ملازمت فراہم کی جائے ۔وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے ریاستی اسمبلی میں یہ بات کہی۔انہوںنے وقفہ سوالات کے دوران مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کانگریس اور تلگودیشم حکومتوں نے غیر منقسم آندھراپردیش میں کئی افراد کی بھرتی کنٹریکٹ کی بنیاد پرکم تنخواہوں پر کی تھی ،مگر تمام تقرریوں کو مستقل اساس پر کیا جائے گا۔اراضی کے ریکارڈ کودرست کرنے کے سروے جیسے مختصر مدتی پروگرام کے لئے ملازمین کی خدمات پانچ ماہ تک کے لئے حاصل کی جارہی ہیں،تقرر پانے والوںکو پہلے سے یہ بتادیاجائے گا کہ ان کی تقرری پانچ ماہ کے لئے ہوگی۔انہوںنے ایوان میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لئے حکومت سروس رولز پر عمل کرے گی اور اس بات کویقینی بنائے گی کہ سماج کے تمام طبقات بشمول ایس سی ، ایس ٹی ، بی سیز اور اقلیتوں کو مساوی نمائندگی دی جائے۔12000ہوم گارڈز کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے مسئلہ پر انہوںنے کہاکہ اس میں بعض قانونی رکاوٹیں ہیں تاہم انہوںنے یقین دہانی کروائی کہ حکومت جلد ہی ان کے لئے خوشخبری لائے گی۔وزیراعلی نے کہاکہ ارکان اسمبلی اور افسروں کی ایک کمیٹی کی جلد تشکیل عمل میں لائی جائے گی جو ملازمین کی تقرری کے لئے حکمت عملی کو قطعیت دیں گے۔