انسداد دہشتگردی کیلئے سعودی عرب کی مساعی قابل قدر ہیں، اقوام متحدہ
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے انسداد دہشت کے سلسلے میں عالمی تنظیم کی حکمت عملی کو کامیاب بنانے کے لئے مسلسل تعاون پر سعودی عرب کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سیکریٹری جنرل نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ انسداد دہشت کا سعودی سینٹر’’اعتدال‘‘ عالمی سطح پر کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کا مقصد دہشت گردوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے رکن ممالک کے وسائل کو بہتر بنانا اور ہرکن ملک کی حکمت عملی کو منظم کرنا ہے۔سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سلامتی کو درپیش خطرات اور چیلنج مسلسل بدل رہے ہیں، داعش ، القاعدہ اور بوکو حرام جیسے دہشت گرد گروہوں کی تخریبی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لئے موثر وسائل اپنانے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف تمام جرائم پیشہ عناصر کو عدالت کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کرنا، ان کا احتساب کرنا اور انہیں مزید جرائم کے ارتکاب سے روکنا ہے۔سعودی مرکز اعتدال نے انتہا پسندی ودہشت گردی سے نمٹنے کے لئے احتیاطی تدابیرسے آگاہ کیا۔