ریاض پر حوثی میزائل حملہ ناکام
ریاض..... سعودی فضائیہ نے ہفتے کو ریاض پر داغا جانے والا حوثی میزائل فضا میں ناکارہ بنادیا۔ میزائل سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ قبل ازیں ریاض کے رہائشیوں نے فضا میں زور دار دھماکے کی آواز سنی جس کی وجہ کسی کو معلوم نہ ہوسکی۔ بعدازاں سرکاری ذرائع نے واضح کیا کہ ریاض کے شمال مشرقی علاقے میں یمن سے داغا جانے والا میزائل ناکارہ بنایا ہے جس کی آواز دور تک سنی گئی۔ محکمہ شہری ہوابازی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی میزائل کا ملبہ گرنے سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا کوئی حصہ متاثرنہیں ہوا۔ ایئرپورٹ کی حدود میں تمام تنصیبات محفوظ ہیں جبکہ پروازوں کی آمد ورفت معمول کے مطابق ہے۔ العربیہ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ریاض کی فضا میں ناکارہ بنائے جانے والا بیلسٹک میزائل عام حجم کا تھا۔ذرائع نے کہا ہے کہ حوثی میزائل کیوجہ سے معمولات زندگی متاثر نہیں ہوئے۔ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرپروازوں کی آمد ورفت معمول کے مطابق جاری رہی۔ میزائل کی وجہ سے کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوئی۔ اتحادی افواج معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہیں کہ ریاض کی فضاﺅں میں ناکارہ بنایا جانے والا میزائل یمن کے کس علاقے سے داغا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 30اکتوبر کو حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی طرف میزائل داغا تھا جو صعدہ پر گر گیا۔ اس سے قبل اکتوبر کے وسط میںفج عطان نامی علاقے سے سعودی عرب کی طرف داغا جانے والا میزائل صنعاءپر گر گیا تھا۔