ٹی ٹوئنٹی سیریز: نیوزی لینڈ 68 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام
تریوندرامپورم: ہندنے نیوزی لینڈ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ سارا دن وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے باعث میچ 20کے بجائے 8،8 ا وورز تک محدود کر دیا گیا ۔ نیوزی لینڈکے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو نقصان دہ ثابت ہوا۔ ٹم ساوتھی نے تیسرے اوور میں مسلسل دو گیندوں پر روہت شرما اور شیکھر دھون کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 30 کے اسکور پر کپتان ویرات کوہلی 13 رنز بنا آوٹ ہوئے جبکہ شریاس ایر بھی 6 رنز بنا سکے۔اسکور 62 تک پہنچا تو منیش پاندے کی وکٹ گری جنہوں نے 17 رنز بنائے جبکہ ہردک پانڈیا 14 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ مقررہ8 اوورز میں ہند نے 5/ 67 رنز بنائے۔ نستباً آسان ہدف 68رنز کے تعاقب میں کیوی ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی مایوس کن تھا۔ 8 رنز پر اوپنرز گپٹل اور کولن منرو آوٹ ہو گئے۔کپتان کین ولیمسن اور گلین فلپس نے اسکور 28 تک پہنچا یا لیکن ان دونوں کے آوٹ ہونے کے ساتھ ہی میچ بھی مہمان کیوی ٹیم کے ہاتھوں سے نکل گیا۔ ولیمسن 8 اور فلپس 11 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ہنری نیکولز 2 رنز بنا کر بمرا کی گیند کا نشانہ بنے جبکہ ٹام بروس کی اننگز4 رنز پر تمام ہوئی۔ ہندوستانی بولرز نے اچھی لائن لینتھ کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے آسان ہدف بھی کیویز کیلئے نا ممکن بنا دیا اور مہمان ٹیم مقررہ 8 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 61 رنز ہی بنا سکی۔ کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 17 اور مچل سینٹنر نے 3 رنز بنا ئے۔ ہند کے جسپریت بمرا 2 وکٹیں لے کر مین آف دی میچ اور میں آف دی سیریز رہے ۔ہند کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز میں یہ پہلی فتح ہے جس کے بعد پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر رہنے کا موقع مل گیا اور نیوزی لینڈ سیریز ہار کر رینکنگ میں دوسرے نمبر پر چلی گئی۔