لاہور..پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے حکومت کی غلط پالیسیوں نے مردم شماری کو متنازعہ بنادیا۔وزیراعلی سندھ نے وفاق کو خط بھی لکھے لیکن کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مردم شماری پر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ حکومت تحفظات دور کرے ،نتائج تسلیم کرلیں گے ۔ایک سوال پرا نہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ ہمارے نظریاتی اختلافات ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کو ہرصورت جاری رہنا چاہیے۔ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں۔ انتخابات وقت پر کرائے جائیں۔ پتہ نہیں عمران خان کو انتخابات کی کیوں جلدی ہے۔شاید وہ ڈرتے ہیں کہ وقت پر الیکشن ہوئے تو وہ ہار جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ناکام لیگ ہمیشہ ناکام ہی رہی ہے۔ 2018 کے الیکشن میں پیپلزپارٹی کو موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی اور متحدہ نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے۔دونوں جماعتوں نے جو کچھ کیا اسکا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ پیپلزپارٹی کو روکنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے کہا قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں۔پرویز مشرف پر سنگین مقدمات ہیں۔ پہلے اپنے کیسز کا دفاع کریں اور عدالتوں میں پیش ہوں۔