مجلس اتحاد المسلمین ہندکے آئین میں دیئے گئے جمہوری حقوق مانگتی ہے ،بزم اتحاد مدینہ منورہ کی تقریب
جدہ( امین انصاری ) مجلس اتحاد المسلمین کے کونسلر سید محمود سہیل قادری کی مدینہ منورہ میں حاضری پر ان کے اعزاز میں بزم اتحاد مدینہ منورہ کی جانب سے ایک تقریب بزم کے صدر احمد الدین اویسی کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ بزم اتحاد مدینہ منورہ کے ارکان نذیر احمد ، سید شاہ علی قادری ابرار ،حیدر قادری ، نواز خان ، محمد عقیل کمال ، نیئر اور دیگرنے سہیل قادری کا خیر مقدم کیا اور انہیں مسجد نبوی شریف کی حاضری پر دلی مبارکباد دی ۔
اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے احمد الدین اویسی نے کہا کہ سہیل قادری ایک محنتی اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار دل اپنے سینے میں رکھتے ہیں ۔ موصوف نہ صرف اپنے حلقے میں بلکہ دیگر مقامات پر صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی کی ہدایت پر فوری طورپر پہنچ کر مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتے ہیں ۔ آج مجلس کو ان جیسے سچے اور محنتی نوجوانوں کی ضرورت ہے کیونکہ جب کوئی نوجوان خدمت خلق کا بیڑہ لیکر چلتا ہے تو یقینا اُس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی نصرت شامل حال ہوجاتی ہے اور قوم و ملت کا بھلا ہوتا ہے ۔
کارپوریٹر مجلس سہیل قادری نے کہا کہ اللہ کا کرم ہے کہ اس نے اپنی مخلوق کی خدمت کیلئے ہمیں چنا ہے ۔ ملت اسلامیہ کی خدمت کرکے جو قلبی اور ذہنی سکون میسر ہوتا ہے وہ لاکھوں کماکر بھی نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین مسلمان اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے حصول کی جنگ لڑرہی ہے ۔ ہم اُن لوگوں کی نمائندگی کررہے ہیں جن کی سنوائی ایوان بالا تک پہنچانے والا کوئی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی اور ہندوستانی حکومت سے کوئی بھیک نہیں مانگ رہے بلکہ ہندوستان کا آئین ہمیں جوحقوق دیتا ہے وہ جمہوری حق مانگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان کامسلمان اور دلت جاگ چکا ہے۔ اب ہمیں کوئی بھی پارٹی محض ووٹ کیلئے استعمال نہیں کرسکتی ہم اپنے ووٹ کی طاقت کو جان چکے ہیں ۔
انہوں نے اس موقع پر صدر مجلس اسد الدین اویسی اور قائد مجلس اکبر الدین اویسی کی جانب سے مسلمانوں اور دیگر پسماندہ طبقے کے حقوق کیلئے کیجانے والی جدوجہد کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت ہے ۔ اب ہندوستان میں مجلس ہی ایسی پارٹی ہے جو پسماندہ اور مسلمانوں کے طبقے کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے لہذا ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اس کے ہاتھ مضبوط کریں اور قائدپر اپنا بھرپور اعتماد رکھیں ۔
اراکین بزم اتحاد نے اس موقع پر سہیل قادری کو مجلس سے اپنی والہانہ وابستگی اور بھرپور تعاون سے واقف کرایا ۔
سید شاہ ابرار قادری کے شکریہ پر اس تقریب کا اختتام عمل میں آیا ۔
******