انسداد دہشت گردی فنڈنگ نظام کی پابندی نہ کرنے پر العمودی صرافہ بند
ریاض.... سعودی عربین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے انسداد دہشت گردی فنڈنگ نظام کی پابندی نہ کرنے پر العمودی صرافہ کو بند کردیا۔ ساما نے پیر کو اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ العمودی صرافہ نے دہشت گردی کی فنڈنگ اور انسداد منی لانڈرنگ کے قواعد و ضوابط کی پابندی نہیں کی تھی اسی بنیاد پر العمودی صرافہ کو معطل کردیا گیا ہے۔ العمودی صرافہ سمیت تمام سعودی بینکوں اور مالیاتی اداروں کو 1432 ھ کے دوران ہی بینک سرگرمیوں کے حوالے سے عائد پابندیوں سے آگاہ کردیاگیا تھا۔ انہیں یکم جمادی الاول 1432 ھ کو وزیر خزانہ کی جاری کردہ قرارداد نمبر 1357 سے مطلع کردیا گیا تھا جس میں تمام قواعد وضوابط کی نشاندہی موجود ہے۔ ساما کا کہنا ہے کہ العمودی کمپنی نے منی لانڈرنگ کے انسداد اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد سے متعلق مالیاتی اداروں کیلئے جاری کردہ قواعد وضوابط کا بھی پاس نہیں کیا۔ ساما کئی بار العمودی کو اصلاح حال کیلئے انتباہ جاری کرچکی تھی جنہیں پے در پے نظرانداز کرنے پر العمودی صرافہ کو اس وقت تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا تاوقتیکہ کہ وہ اصلاح حال نہ کرلے اور دوبارہ کام شروع کرنے کی منظوری حاصل نہ کرلے۔ ساما نے واضح کیا کہ جب تک العمودی صرافہ اصلاح حال نہیں کرے گی اور قانونی تقاضوں او رمالیاتی سرگرمیوں کے نگراں ضوابط کی مکمل پابندی نہیں کرے گی تب تک پابندی نہیں اٹھائی جائے گی۔ ساما نے یہ انتباہ بھی دیا کہ اگر العمودی صرافہ نے مزید قانونی تدابیر نہ کیں تو اس کیخلاف مزید اقدامات ہونگے۔ ساما تمام مالیاتی اداروں سے جملہ قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کرانے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔