Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سائبر کرائم پر 5 سال قید ،30 لاکھ ریال جرمانے کی سزا موجود ہے

ریاض.... واٹس ایپ ، ٹوئٹر ، فیس بک اور سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع میں ریاست کے متعلق افواہیں پھیلانے والوں کو سزا دینا چاہیئے۔ سائبر کرائم میں اس حوالے سے قانون پر عملدرآمد کیا جائے۔ یہ مطالبہ سعودی ماہرین قانون نے کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ اور ٹوئٹر پر خاص طور پر سعودی عرب کے حوالے سے افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔ غلط خبروں کو رواج دیا جاتا ہے۔ بعض اکاﺅنٹ ایسے بھی پکڑے گئے ہیں جو جعلی لنک دے کر افواہیں پھیلاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں متعدد افواہیں پھیلائی گئیں۔ پبلک پراسیکیوٹر ادارہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے۔ سائبر کرائم میں واضح طور پر قانون موجود ہے کہ ریاست کے متعلق افواہ پھیلانا قابل سزا جرم ہے۔ اس پر 5 سال قید اور 30 لاکھ ریال جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے باوجود قانون کا نفاذ نہیںہورہا۔ قانونی ماہرین نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے ضروری ہے کہ ریاست کے متعلق غلط خبریں اور بے بنیاد افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد خبر یا افواہ کو ری ٹوئٹ کرنا یا واٹس ایپ پر فارورڈ کرنا بھی جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے افواہیں پھیلانے میں حصہ دار نہ بنیں۔ ریاست اور اس کے متعلق اہم فیصلوں کے معروف ذرائع موجود ہیں ان پر اعتماد کیا جائے اور ان ذرائع سے جاری ہونے والی خبریں شیئر کی جائیں۔ 

شیئر: