پرانی دہلی کی حویلی کو یونیسکو 2017ء کا ایوارڈ
نئی دہلی۔۔۔۔پرانی دہلی کے دریبہ کلاں علاقے میں 200سال پرانی حویلی کو محفوظ کرنے پر اسے یونیسکو 2017ء ایشیا پیسفک ایوارڈ فار کنز رویشن اینڈ ہیریٹج دیا گیا۔ اس حویلی کو 6سال میں سنوارکرسابقہ شکل بحال کردی گئی۔اس کی تزئین میں کافی مسائل آئے جسے دورکرنے کیلئے پرانی دہلی کے خاص معماروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ مرمت کے دوران حویلی میں بڑی تجوریاں ملیں لیکن خالی تھیں اور تہ خانے بھی ملے جنہیں برقرار رکھا گیا ہے۔ یہاں ڈیرہ جمائے بندروں نے تزئین و آرائش کا کام کرنیوالوں کو بیحد پریشان کیا تاہم اب انہوں نے اپنا مسکن کہیں اور بنالیا ہے۔ مرکزی وزیر اور چاندنی چوک کے رکن پارلیمنٹ وجے گوئل اور ان کے بیٹےنے اس حویلی کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کرایا ۔ حویلی دھرم پورہ کو اب آئی ٹی سی ہوٹلز کے ذریعے چلایا جارہے جس میں 2ریستوران اور 14کمرے ہیں ۔حویلی کے دروازے اور دیواروں پر نقش و نگار، جھومر ، فرش ، قالین ، ستون سے لیکر ہر گوشے میں پرانی دہلی کی تاریخ کا عکس نمایاں ہے۔