جدہ بار بار کیوں ڈوبتا ہے؟
جدہ .... سیکریٹری میونسپلٹی جدہ برائے منصوبہ جات انجینیئر محمد الغامدی نے ”معالی المواطن“ پروگرام کے میزبان علی العلیانی کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ بارش کی نکاسی کا نیٹ ورک جدہ شہر کے صرف18فیصد حصے کیلئے ہے۔ یہ 18فیصد نیٹ ورک 40برس پرانا ہے۔ العلیانی نے جدہ کے بار بار ڈوبنے کے اسباب اور بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے حوالے سے میونسپلٹی کے کردار کی بابت تیکھے سوالات کئے تھے۔ الغامدی نے بتایا کہ ایک کمیٹی اس مقصد کیلئے قائم کی گئی تھی اور اس نے 3 برس قبل اپنی رپورٹ وزارت بلدیات و دیہی امور کو پیش کردی تھی جس نے سارا معاملہ ایوان شاہی کے حوالے کردیا تھا۔ ایوان شاہی کی منظوری پر جدہ شہر کا ماسٹر پلان تیار کرنے کا ٹھیکہ دیدیا گیا تھا اور 2ہفتے قبل ہی ترجیحی بنیادوں پر منصوبے موثر ہوئے۔العلیانی نے دریافت کیا کہ کیا ایوان شاہی نے جدہ میونسپلٹی کے عہدیداروں کو بارش کے پانی کی نکاسی کے منصوبے سے 3برس تک روکے رکھا تھا؟ الغامدی نے جواب دیا نہیں، ایوان شاہی نے ہمارا ساتھ دیا، ہم نے معاملہ اپنے سربراہ کو پیش کیا جس نے معاملہ ایوان شاہی تک پہنچایا۔