Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلبھوشن سے والدہ کی ملاقات پر غورکرہے ہیں،دفتر خارجہ

اسلام آباد.. ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن یادو سے اس کی اہلیہ کی ملاقات کرانے کی پیشکش کی ۔ ہند نے والدہ سے بھی ملاقات کرانے کی درخواست کی ہے جس پر دفترخارجہ غور کررہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور ملا فضل اللہ افغانستان سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ اس وقت 43 فیصد افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہند افغان سرزمین کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔ پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث تنظیموں کے ہندوستانی خفیہ ادارے را کے ساتھ روابط کے ثبوت موجود ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان، داعش اور جماعت الاحرار جیسی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مضبوط گٹھ جوڑ ہے۔ اس معاملے کو افغان حکام کے سامنے بھی اٹھایا گیا ہے۔افغانستان کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔پاکستان کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظلم و تشدد کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاکستان دوست ملکوں کو ا س بات پر آمادہ کرتا رہے گا کہ وہ اس کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو خطرہ میں ڈالنے والے عناصرکےلئے کوئی گنجائش پیدا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ علاقائی امن اور استحکام سمیت تمام معاملات پر بات چیت کررہے ہیں۔ترجمان نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے6 ارکان کی پھانسی کی سزا پر تشویش کا اظہار کیا ۔
 

شیئر: