Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں2 ٹرینوں کی ٹکر،20افراد ہلاک

 کراچی ..کراچی کے علاقے لانڈھی میں2ٹرینوں کی ٹکر میں مرنے والے20 ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں فرید ایکسپریس کا گارڈ محمد حسین ،6 خواتین اور بچےشامل ہیں۔ ریلوے حکام کے مطابق لانڈھی ریلوے اسٹیشن اور جمعہ گوٹھ کے درمیان کھڑی فرید ایکسپریس کو زکریا ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری۔ٹرین کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کے لیے بوگیاں کاٹنی پڑیں۔وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے لیبر سینیٹر سعیدغنی نے بتایا کہ پیچھے سے آنے والی ٹرین کو غلطی سے گرین سگنل دیا گیا اس نے پہلے سے کھڑی ٹرین کو پیچھے سے ٹکر ماردی۔ دونوں ٹرینیں پنجاب سے کراچی آرہی تھیں۔حادثے کے بعد کراچی میں ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہوگئی تھی جسے بحال کیا جا رہا ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹو ئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ریلوے حکام سے مکمل رابطے میں ہیں جو اس ہنگامی صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں۔حادثے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنادی۔آزادانہ تحقیقات کی جائے گی۔غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی ملتان کے قریب پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی جس میں4 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
 
 

شیئر: