مدینہ منورہ اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے ایمان افروز خطاب
جدہ ( امین انصاری ) حیدرآباد دکن کے مفسر قران علامہ ڈاکٹر سمیع اللہ خان کی مدینہ منورہ آمد پرتلنگانہ این آر آئیز ویلفیئرایسوسی ایشن نے صدر ڈاکٹر عبدالجبار خان محوی کی رہائش پر تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا ۔تلنگانہ این آر آئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ذمہ دار اور اکابر کی مخصوص تعداد نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر عبد الجبار نے ڈاکٹر سمیع اللہ خان کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ علامہ عالم دین اور عربی کے ادیب اور مفسر قرآن ہیں ۔ شاگردوں کے اصرار پر آپ کی تفسیر یو ٹیوب پر جاری کی گئی ۔موصوف 40 سے زائد عربی میں پی ایچ ڈی مقالوں کی تصحیح کر چکے ہیں۔ انکے شاگرد لیکچرار ہیں۔دکن کے معروف ادارے " دائرة المعارف" کے صدر رہ چکے ہیں۔ المعھد العربی الدینی حیدرآباد کے صدر ہیں۔ ڈاکٹر سمیع اللہ خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان سے دین کا کام لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کا علم ہی دین و دنیا کی کامیابی کا ضامن ہے ۔ انہوں نے شرکا ءکو نصیحت کی کہ وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت تلاوت کلام پاک میں گزاریں۔انہوں نے تارکین وطن کو مدینہ مینورہ میں قیام پر مبارکباد دی ۔مسجد نبوی کے آداب کا خاص لحاظ رکھیں ۔ انہوں نے تلنگانہ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ذمہ داران کو مبارکباد بھی دی ۔تقریب کے اختتام پر عبدالباری خازن تلنگانہ ایسوسی ایشن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔