Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرات میں پہلے مرحلے کی پولنگ ختم، 68فیصدووٹ ڈالے گئے

احمد آباد.... ریاست گجرات میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کےلئے ہفتے کو ووٹ ڈالے گئے۔ جن علاقوں میں پہلے مرحلے کیلئے پولنگ کی گئی وہ کَچھ،سوراشٹر اور جنوبی گجرات کے 19اضلاع تھے جہاں 89اسمبلی حلقوں میں 977 امیدوار قسمت آزمائی کررہے تھے۔ الیکشن کمیشن نے اس پہلے مرحلے کا ٹرن آﺅٹ 68فیصد قرار دیا ہے اورکہا ہے کہ پہلے مرحلے میں پرامن پولنگ ہوئی تاہم بعض حلقوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں گڑبڑ کی خبریں ضرور آئیں تاہم تحقیقات کے بعد شکایات دور کردی گئیں۔ کمیشن نے بتایا کہ مقررہ وقت 5بجے شام کو پہلے مرحلے کی پولنگ پرامن طور پر ختم ہوگئی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جن اضلاع میں پولنگ کی گئی ان میں کچھ میں 63فیصد، سریندر نگر میں 65، موربی میں 75فیصد، راجکوٹ میں 70فیصد، جام نگر میں 65فیصد، دیو بھومی دوارکا میں 63فیصد ، پورر بندر میں 60فیصد ، جونا گڑھ میں 65فیصد، گیر سومناتھ میں 70فیصد، امریلی میں 67فیصد، بھاﺅ نگر میں 62فیصد، بوٹار میں 60 فیصد، نرمدا میں 73فیصد،بھڑوچ میچ 71فیصد، سورت میں 70 فیصد، تاپی میں 73فیصد، ڈانگ 70فیصد، نوساری میں 75فیصد اور ولسار میں 70فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس طرح مجموعی طور پر 89اسمبلی حلقو ں میں ٹرن آﺅٹ 68فیصد رہا۔ کمیشن کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ضلع پور بندر میں ووٹنگ مشینوں کے بلو ٹوتھ اور وائی فائی سے مربوط ہونے کی شکایات ملی تھیں۔ لوگ اپنے آئینی اختیارات او رحقوق کا استعمال کرنے کیلئے بھاری تعداد میں پولنگ بوتھ پر پہنچے۔ پور بندر میں جو شکایات ملیں انکی فوری طور پر تحقیقات کی گئی تو پتہ چلا کہ ایک پولنگ ایجنٹ کے موبائل کے بلو ٹوتھ کی وجہ سے الیکٹرانک مشین متاثر ہورہی تھی لہذا اسے فوری طور پر دور کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو لیکر کانگریس کے سینیئرلیڈر ارجن مودھا واریہ نے شکایت کی تھی کہ جب وہ اپنے گاﺅں میں پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے گئے تو وہاں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دراصل میڈیا کے نمائندے ان کے اس عمل کو کور کرنا چاہتے تھے جس پر سیکیورٹی فورسز نے دونوں کو ہی وہاں سے علیحدہ کردیا۔ پٹیل ریزرویشن تحریک کی سابق کنوینر ریشماں پٹیل نے جب جونا گڑھ ضلع کے ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے کی کوشش کی تو تحریک کے بہت سے حامیوں نے انکی مخالفت کی کیونکہ ریشماں پٹیل بی جے پی میں شامل ہوگئی ہیں لیکن سیکیورٹی اہلکاروں کی مداخلت کے باعث انہیں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

شیئر: