Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی میں خوفناک آتشزدگی،12افراد ہلاک

    ممبئی۔۔۔۔۔ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت  کے اندھیری علاقے میں  خوفناک آتشزدگی کے باعث  12 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ  چار  افراد  بری طرح سے جھلس گئے ہیں جن کی حالت نازک ہے اور جنہیں پولیس نے  راجہ واڑی اسپتا ل میں داخل کرا دیا ہے۔  آتشزدگی  کا یہ واقعہ  اندھیری کے ساقی ناکہ  علاقہ میں واقعہ ایک  اسنیک شاپ  جس کا نام بھانو فرسان  ہے  میں پیش آیا۔  آتشزدگی کے باعث اسنیک شاپ جل کر پوری طرح تباہ ہوگئی۔  امدادی کارروائی شروع کی گئی اور فائربریگیڈ عملے نے چابک دستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پڑوس کی دکانوں کو  تباہی سے بچالیا۔  فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ اسنیک شاپ میں آگ لگنے کے تھوڑی دیر بعد ہی اس کی عمارت  زمین  بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں زیادہ ہلاکتیں  ہوئیں۔  انہوں نے بتایا کہ دراصل  جس وقت  اسنیک شاپ میں  کام کرنے والے افراد  باہر نکلنے کی کوشش کررہے تھے  کہ  اس کا  اگلا حصہ ایک دم نیچے آگرا  اور لوگ ملبے میں دب کر رہ گئے۔ امدادی  کارروائی کے دوران  ملبے سے  زیادہ تر لاشیں نکالی گئیں جبکہ چار افراد کو انتہائی  نازک حالت میں  نکال کر اسپتال پہنچا دیاگیا۔ انہوں ے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ ابھی بھی  ملبے کے نیچے  سے  لاش یا کوئی زخمی  برآمد ہوجائے۔ ترجمان کے مطابق تین  فائر انجن اور   چار  پانی کے ٹینکروں نے آگ بجھانے کی کوشش کی۔  ذرائع کے مطابق دکان کے اندر  ہر چیز جل کر تباہ ہوگئی  آس پاس کے علاقوں میں  آگ نہیں پھیلی  دکان کے اندر بجلی کے تار اور کنکشن  نیز کھانے پینے کا سامان سب کچھ جل کر راکھ ہوگیا۔

شیئر: