سہارنپور میں معصوم بچی کوکتے نوچ کر کھا گئے
جمعرات 21 دسمبر 2017 3:00
سہارن پور۔۔۔۔جب سے یوپی سرکار نے سلاٹر اور گوشت کا کاروبار کرنیوالوں پر سختی کی ہے تب سے سہارنپور میں آوارہ کتے خونخوار ہوگئے جو راہگیروں اور بچوں کیلئے و بال جان ثابت ہورہے ہیں۔ گزشتہ روز آوارہ کتوں نے 2معصوم بچیوں کو اپنا شکار بنایا۔ تھانہ رامپور منیہاران کے تحت گاؤں ملہی پور میں شمشاد احمد کی ڈیڑھ سالہ بچی نابیہ کوکتے گھر کے اندر گھس کر بستر سے کھینچ کر کھیت میں لے گئے اور وہاں نوچ کر کھاگئے۔شمشاد نے بتایا کہ وہ صبح اپنے کام پر چلا گیا تھا۔اس کی بیوی بچی کو گرم کپڑوں میں لپیٹ کر بستر پر سلاکر پڑوس میں کسی کام سے گئی تھی۔ واپس آئی تو بچی بسترسے غائب تھی۔ اس نے پڑوسیوں کی مدد سے اِدھر اُدھر تلاش کرنا شروع کردیا ۔اسی دوران اس کی نگاہ گھر کے سامنے کھیت میں پڑی جہاں آوارہ کتے کسی چیز کو کھارہے تھے۔ وہاں جاکر دیکھا تو کتے بیٹی کو نوچ نوچ کر کھارہے تھے۔ لوگوں نے خون میں لت پت بچی کو کتوں کے چنگل سے چھڑا یا مگر اس وقت تک بچی کی موت ہوچکی تھی ۔ دریں اثناء قصبہ بہٹ میں مکرم نامی شخص کی 3سالہ بچی عمرا پر آوارہ کتوں نے حملہ کردیا اور بری طرح نوچ ڈالا۔ بچی کی چیخ و پکار سن کر وہاں موجود لوگوں نے بچی کی جان بچائی۔